عرب ممالک سے تعلقات کا نیا باب کھل رہا ہے: اسرائیلی وزیر اعظم
مقبوضہ بیت المقدس (اے این این) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ اسرائیل کے پڑوسی عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کا ایک نیا باب کھل رہا ہے جو دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے نئے انقلاب کا نقطہ آغاز ہو گا۔ تل ابیب میں فوجی کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ عبرانی ریاست اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کا ایک نیا باب کھل رہا ہے۔ ہم اقتصادی اور عسکری شعبے میں ایک ساتھ ترقی کی زینے چڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے ان عرب ممالک کا نام نہیں لیا۔ نیتن یاھو کا کہنا تھاکہ ہم نے پورے خطے کو مسخر کرلیا۔ اب ہم ایک بڑی معاشی اور فوجی قوت ہیں۔ پڑوسی ملکوں کے ساتھ ہمارے تعلقات ایک نئے انقلاب میں داخل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک اچھی طرح جانتے ہیں کہ اسرائیل ان کا دشمن نہیں بلکہ خطے میں ان کا ایک مضبوط اتحادی ہے جو خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں عرب ممالک کی بھرپور مدد کر سکتا ہے۔