ہنگو، 9 ملزم گرفتار، ملاگوری، افغان مہاجرین کے 30 گھر منہدم، قلعہ عبداللہ میں منشیات کی 7 فیکٹریاں مسمار
ہنگو / چمن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) ضلع ہنگو میں دہشت گردی سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب دو اشتہاریوں سمیت 9ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تھانہ دوآبہ کے حدود میںواقعہ علاقہ قدیم بانڈہ اوردوآبہ شہر میں خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے دو اشتہاریوں امان اللہ اور حیات کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا۔ مذکورہ اشتہاری2007سے پولیس کو دہشت گردی اور اغواء کاری سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ علاقہ منجی خیل میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرتے ہوئے 5ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ تھانہ صدر کے حدود میں قتل، اقدام قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب دو مفروران عادل بادشاہ اورکمال سکنان خٹک بانڈہ کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ دوسری طرف ملاگوری کے علاقے ملک کلی شیر برج میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے افغان مہاجرین کے خلاف آپریشن دوسری روز بھی جاری رہا جس میں سرکاری ذرائع کے مطابق 30گھرانے مسمارکر دئے گئے ہیں۔ مزید رہ جانے والے گھرانوں کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے۔ 30 سے زائد گھرانوں نے گاڑیوں کے ذریعے سے اپنے مال و متاع کے ہمراہ علاقے کو چھوڑ دیا ہے اور افغانستان منتقل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک کلی شیر برج میں افغان مہاجرین کے خلاف آپریشن اتوار کو ختم ہو جائیگا۔ دریں اثنا بلوچستان میں قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں اے این ایف اور ایف سی نے مشترکہ آپریشن کے دوران منشیات کی 7 فیکٹریاں مسمار کر دیں۔ اے این ایف کے مطابق مسمار کی گئی فیکٹریوں میں ہیروئن اور چرس بنائی جاتی تھی۔ فیکٹریوں سے دس ہزار کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔