• news

عالمی برادری دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کارروائی کرے: چینی وزیراعظم

اولن تیرو (آئی این پی+ رائٹرز) چین کے وزیر اعظم لی کی جیانگ نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ دہشگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے مشترکہ کارروائی کرے ، تمام ممالک کو مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا چاہئے تا کہ دنیا کو حقیقی طورپر کھلی اور محفوظ سوسائٹی بنایا جاسکے اور دہشتگردی کی ہر قسم کی کارروائیوں کا خاتمہ کیا جاسکے وہ یہاں گیارہویں ایشیاء یورپ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فرانس میں ہونیوالا دہشتگردی کا واقعہ افسوسناک ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے تاہم یہ ضروری ہے کہ عالمی قوتیں دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے منظم کوششیں کریں اور دہشتگردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ کر ہی دنیا کہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ رائٹرز کے مطابق چینی وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی مشترکہ چیلنج ہے جس کے ساتھ ملکر مقابلہ کرنا ہو گا اور اس کے خلاف زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم تر بین الاقوامی حمایت چاہتا ہوں۔دریں اثناء چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہالینڈ کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر تجارت کا خواہاں ہے،چینی وزیراعظم نے اپنے ہالینڈ کے ہم منصب مارک روٹے کے ساتھ گیارہویں ایشیا یورپ سربراہی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات میں کہا ہے کہ چین ہالینڈ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یورپی ممالک سے بہترین معیار کی مصنوعات برآمد کرے گاانہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری میںاضافہ کرتے ہوئے تعلقات کو زراعت سمیت مختلف شعبوں میں مستحکم کرسکتے ہیں۔ چینی وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ہالینڈ چین اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے مابین تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کر یگا۔

ای پیپر-دی نیشن