• news

یہودی آبادکاری مخالف تقریب روکنے کیلئے اسرائیلی فوج کا کریک ڈائون، 35فلسطینی گرفتار

الخلیل (اے این این)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کے خلاف ایک تقریب کا انعقاد روکنے کے لیے اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کریک ڈائون کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم35 فلسطینیوں کوحراست میں لینے کے بعد حراستی مراکز منتقل کردیا گیا ۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی سماجی کارکنوں کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر تل الرمیدہ کے مقام پر ایک خالی مکان میں مزاحمتی سینما کے عنوان سے ایک تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہودی آباد کاری مخالف یوتھ گروپ کے ایک رکن محدم ازغیر نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے ان کی تقریب ناکام بنانے کے لیے تل ارمیدہ میں جمع ہونے والے مقامی اور غیرملکی سماجی کارکنوں پر دھاوا بول دیا اور تین درجن کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد فوجی مراکز میں منتقل کردیا گیا ہے۔ازغیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے مزاحمتی سینما نامی تقریب کے لیے ایک خالی مکان کا انتخاب کیا تھا۔ جہاں مسئلہ فلسطین سے متعلق متعدد دستاویزی فلمیں دکھائی جانا تھیں۔ ادھر اسرائیلی جیل میں پابند سلاسل ایک فلسطینی نوجوان پر صہیونی جیلروں اور انٹیلی جنس اداروں کے تفتیش کاروں کی جانب سے وحشیانہ تشدد کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی نوجوان برا فرید ابو ظہیر کے والد پروفیسر ڈاکٹر فرید ابو ظہیر نے انسانی حقوق کی تنظیموں کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ان کے بیٹے کو دوران حراست اذیتیں دی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن