• news

فرانس حملہ‘ مزید 2افراد گرفتار 12ہزار ریزرو پولیس طلب

پیرس (اے این این+ اے ایف پی) فرانس کے جنوبی شہر نیس میں قومی دن کی تقریبات کے موقع پر ہونے والے حملے میں ملوث ہونے کے شبہ میں مزید دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک مرد اور عورت کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار کئے گئے افراد کی کل تعداد سات ہو گئی ہے۔ اس سے قبل فرانس میں پولیس کے12000 اضافی اہلکاروں کو فرائص سونپے گئے ہیں۔فرانس میں گذشتہ روز نیس حملوں کے تین روزہ سوگ کا آغاز ہوا تھا۔ملک بھر میں پہلے ہی ایک لاکھ 20 ہزار پولیس اور فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ 12000 اضافی نفری میں 9000 ملٹری پولیس افسران شامل ہیں جبکہ آگے چل کر مزید 3000 پولیس افسران بھی شامل کیے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے 84 افراد میں 10 بچے شامل تھے۔ زخمیوں میں سے 26 کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ حملے کی تحقیقات کرنے والے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ٹرک چلانے والے حملہ آور محمد الحوایج ہلال نے واردات سے قبل دو بار علاقے کا دورہ کیا۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کبھی مسجد نہیں گیا۔تیونس میں مقیم بھائی جابر نے رائٹرز کو بتایا کہ اسکے بھائی محمد الحوائج بہلول نے حملے کے روز گھر فون کر کے ہمیں بتایا کہ وہ نیس میں اپنے یورپی دوستوں کے ساتھ قومی دن کی خوشیاں منا رہا ہے اس نے اپنی ہنستے ہوئے فوٹو بھی ہمیں بھیجی تھی تاہم جبار نے وہ تصویر رائٹرز کے ساتھ شیئر کرنے سے انکار کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن