• news

الیکشن کمشن ارکان کی تقرری 25 جولائی سے پہلے ہوجائیگی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن لیڈر نے وزیر خزانہ کو الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کے لیے اپوزیشن کی مشاورت سے تیار ہونے والی فہرست حوالے کی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور وزیر خزانہ کے درمیان کل ایک ملاقات ہو گی جس میں الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ اور اپوزیشن لیڈر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری جلد سے جلد کی جائے گی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری میرٹ اور قومی خواہشات کے مطابق ہو گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف منگل تک دارالحکومت آ جائیں گے اور وہ وزیراعظم ہائوس سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔ لندن سے واپسی قائم وزیراعظم کیمپ آفس سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ 25 جولائی آئینی مدت مکمل ہونے کی تاریخ ہے۔ یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن