استنبول سے 50 پاکستانی لاہور 165 اسلام آباد،78 کراچی پہنچے
لاہور + اسلام آباد (خبر نگار + سٹاف رپورٹر) استنبول سے پانچ پروازوں کے ذریعے 430 سے زائد پاکستانی کراچی، لاہور اور اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ مسافروں کاکہنا تھا بغاوت کی کوشش کے بعد انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ استنبول سے پہلی پرواز ڈیڑھ سو پاکستانیوں کو لے کر ہفتہ کی رات کراچی پہنچی تھی۔ دوسری پرواز ٹی کے 118 کے ذریعے 78 پاکستانی کراچی پہنچے۔ پچاس پاکستانی ترکش ائرلائنز کے ذریعے لاہو جبکہ ایک سو پینسٹھ پاکستانی چوتھی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔ لاہور میں ناکام بغاوت کی رات استنبول سے لاہور آنے والی فلائٹ 20 منٹ کی تاخیر سے ہفتہ کی صبح 4 بج کر 20 منٹ پر جب کہ گزشتہ روز آنے والی پرواز ساڑھے 6 گھنٹے تاخیر سے صبح ساڑھے 10 بجے لاہور پہنچی جس میں 50 پاکستانی گھر واپس آئے۔ اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد مسافروں کے عزیز رشتے دار بڑی تعداد میں انہیں لینے کیلئے ائرپورٹ پر موجود تھے ترکی سے آنے والے پاکستانیوں نے بتایا کہ ترکی میں فوجی کارروائی کے بعد وہ لوگ ائرپورٹ پر بند ہوگئے تھے جہاں صورتحال انتہائی بے یقینی کی تھی مسافروں نے شکایت کی کہ ترکی سمیت وہاں مسافروں کی مدد کیلئے کوئی نہ آیا کافی دیر تک پاکستانی سفارتخانے نے ہماری خبر گیری نہ کی ائرپورٹ پر جب دو دھماکے ہوئے تو اس سے بھگدڑ مچ گئی مسافروں نے کہا کہ درجنوں پاکستانی ڈر کی وجہ سے ہم لوگ باتھ روموں میں بند ہوگئے تھے ایک خاتون مسافر نے کہا ہم سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا خوراک اور پانی کی کمی کی وجہ سے ترکی میں محصور ہونے والے پریشان رہے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بھی ہم سے رابطہ نہیں ہو رہا تھا کشیدہ حالات کی وجہ سے ہر طرف بھگدڑ تھی ائرپورٹ پر لوگ دکانیں کھلی چھوڑ کر بھاگ رہے تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ترکی میں فوجی بغاوت کے باعث استنبول میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کو سرعت سے بحفاظت وطن واپس پہنچا دیا گیا ہے۔ پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے ترکی میں پاکستانی سفارتخانہ اور استنبول میں قونصل خانہ نے فوری طور پر تمام انتظامات کئے۔ ایمرجنسی مرکز قائم کیا گیا۔ ترکش ائر لائن اور ترک حکام سے رابطوں کے زریعہ ان پاکستانیوں کو وطن واپس لانے میںکامیابی حاصل کی گئی۔