بارش جاری ، مکڑوال میں مزدور ڈوب گیا، لواری ٹنل کے قریب تعمیراتی کمپنی کی7 گاڑیاں بہہ گئیں
لاہور+ کراچی+ چترال (نامہ نگاران+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، مکڑوال میں کام کے دوران ایک مزدور نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ بارش کے باعث لواری ٹنل کے قریب نالے میں طغیانی کے باعث نالے میں تعمیراتی کمپنی کی 7 گاڑیاں بہہ گئیں جبکہ چترال کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں کراچی، لاہور، بھکر، ملتان، ڈی آئی خان، سبی شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل اسلام آباد، پنجاب، خیبر پی کے، ژوب، سبی، نصیر آباد، فاٹا اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ادھر لواری ٹنل کے قریب زیارت نالے میں طغیانی کے باعث نالے میں تعمیراتی کمپنی کی 7 گاڑیاں بہہ گئیں، بہنے والی گاڑیوں میں 2ڈمپر، 2ڈبل کیبن، ایک چارجنگ مشین اور 2چھوٹی گاڑیاں شامل ہیں جبکہ چترال کا دیر سے زمینی رابطہ ٹوٹ گیا۔ لواری اور زیارت نالے میں شدید طغیانی سے چترال کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ زیارت اور لواری میں سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ دوسری جانب راجن پور کے قریب کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بارش کے بعد ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔ مکڑوال میں ایک کمپنی کے 5 مزدور کام کے دوران نالے بڑوچ میں بہہ گئے۔ چار مزدوروں کو بچا لیا گیا جبکہ ایک مزدور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سمندری روڈ پر خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے دو خواتین سمیت تین افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔ کنگن پور، الہ آباد ٹھینگ موڑ سے نامہ نگاران کے مطابق نواحی گائوں بقاط پور کھمبے کے قریب پل کے ساتھ دیپالپور نہر میں شگاف پڑنے سے پانی دیہات میں داخل ہو گیا جس سے 5 دیہات میں فصلوں کا کافی نقصانہوا پانی کئی گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارشوں نے گیپکوحکام کی ناقص کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا۔ بارشوں کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے گیپکوحکام کی جانب سے مناسب انتظامات نہ ہونے کا خمیازہ صارفین کو طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں بھگتنا پڑاسٹی ،کینٹ سرکل کی سب ڈویژنوں میں 35سے زائد ٹرانسفارمر مون سون کی بارشوں کی وجہ سے خراب ہوگئے۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق کئی گھنٹے موسلادھار بارش سے نشیبی بستیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ درجنوں گلیاں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق مریدکے میں نالہ ڈیک کا بند ٹوٹ گیا جس سے لدھیوالہ ورکاں کی 2 سو ایکڑ زیر آب آ گئے اور عوا میں بھگدڑ مچ گئی۔ انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے دوپہر کے وقت بند باندھ دیا۔