کامیابی کے بعد پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی تنظیم سازی کی جائیگی: بلاول
مظفر آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے اور ن لیگ کے درمیان غیر جانبداری سے موازنہ کیا جائے تو ہم پارلیمنٹ کو مضبوط بھی کرتے ہیں اور اس کی کار کردگی بھی ہر اعتبار سے مثالی ہوتی ہے لیکن ہمارا میڈیا سیل کمزور ہوتا ہے جبکہ ن لیگ نے ہمیشہ پارلیمنٹ کو کمزور کیا اور اس کی کارکردگی کسی بھی طرح قابل ذکر نہیں تاہم ان کا میڈیا سیل کتنا مضبوط اور طاقتور ہوتا ہے کہ ہمارے سارے کئے پر پانی پھیر دیتا ہے۔ میاں محمد نواز شریف تیسری بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے اور حکومت کرنے کا سب سے لمبا عرصہ انہیں میسر آیا۔ مگر ان کی ابتدا اور انتہا کی کارکردگی صرف میٹرو تک محدود ہے۔ دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے آواز پیپلز پارٹی نے بلند کی۔ انتخابات کے بعد پاکستان بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی تنظیم سازی کی جائے گی اور نظریاتی لوگوں کو سامنے لا کر ملک بھر میں پارٹی کا کھویا ہویا مقام واپس دلانا شہیدوں کے مشن کی تکمیل بھی ہے اور میرے لئے ایک چیلنج بھی ہے۔ وہ گزشتہ روز اپنے دو روزہ دورہ مظفرآباد کے موقع پر پارٹی ‘ پیپلز لائرز فورم ‘ شعبہ خواتین ‘ پی ‘ وائی‘ او‘ پی ایس ایف‘ کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر سیاسی امور کے چئیرپرسن محترمہ فریال تالپور‘ مرکزی سیکرٹری جنرل وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری لطیف اکبر اور دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ عوامی مینڈیٹ بلڈوز کرنے اور انجینئر نتائج کیلئے شہرت رکھتی ہے اور وہ انتخابات کو خونی بنانے سے بھی اجتناب نہیں کرے گی۔ مظفرآباد کے کامیاب ترین جلسہ عام کے انعقاد پر پارٹی تنظیموں سمیت کے غیور عام کو مبارک باد بھی پیش کرتا ہوں اور ان کا شکر گزار بھی ہوں کہ انہوں نے اتنے خلوص اور پیار کے ساتھ میرا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ 50 فیصد انتخاب انتخاب والے دن جیتا جاتا ہے۔ اس لئے یہ الیکشن کشمیر کے مستقبل کیلئے اہم ترین ہے۔ نواز شریف اور عمران خان دونوں کی زبان پر کشمیر کا نام آئے تو ان کی زبان تھر تھرا جاتی ہے، نوازشریف کی دوستی کو فری ہینڈ دینے کی وجہ سے عالمی سطح پر برا تاثر پڑے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ن لیگ پیپلز پارٹی پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے اپنے آپ کو پاک صاف کرتی رہی لیکن پانامہ لیکس دنیا کا سب سے بڑا مالیاتی سکینڈل ہے جس میں ملک کا وزیر اعظم اور اس کی اولاد ملوث ہے اور ان پر ثابت بھی ہو چکا ہے۔ میں نہیں کہتا کہ پیپلز پارٹی مین سب فرشتے ہیں مگر پانامہ لیکس نے ن لیگ کو ننگا کر دیا ہے وہ اب صفائیاں بتاتے پھرتے ہیں ان لوگوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید پر بے بنیاد بوگس مقدمات قائم کئے اور زرداری صاحب کو جیل میں بند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 21 جولائی وکلاء ‘ نوجوانان ‘ خواتین ‘ بوڑھے بچے سارے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے گھروں سے نکل آئیں اور پارٹی کی تنظیمین دھاندلی کرنے کی کوشش کرنے والوں کا ہاتھ روکیں۔ مجھے کشمیر آنے سے منع کیا جا رہا تھا لیکن میں نے سیاسی رسک لیا اور آپ کشمیریوں نے میرا مان رکھ لیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے ہونے والی بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں اور بدترین بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔