نیلم جہلم منصوبہ، مبینہ جعلسازی کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنا دی: سرکاری وکیل
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نیلم جہلم منصوبے کی پاور ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو فراہم کرنے کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پروفاقی سیکرٹری خزانہ کو رخصت پر ہونے کے باعث عدالتی حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے من پسند ترک کمپنی کو نوازنے کیلئے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا ٹھیکہ دیدیا۔ ٹھیکہ دیتے ہوئے قواعد و ضوابط کو بھی مد نظر نہیں رکھا گیا جبکہ 46 کروڑ روپے کا ٹھیکہ ایسی کمپنی کو فراہم کردیا گیا جو ناقص میٹریل فراہم کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹھیکے میں مبینہ جعلسازی کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ وفاقی سیکرٹری خزانہ وقار مسعود کے وکیل نے عدالتوں کو بتایا کہ انکے موکل رخصت پر ہونے کی بنا پر عدالت پیش نہیں ہو سکے لہٰذا عدالتی کاروائی حاضری سے ایک روزہ استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے مزید سماعت 27 جولائی تک ملتوی کردی۔