وزارت صحت صوبائی معاملہ، جناح ہسپتال وفاق کو منتقل نہیں کیا جاسکتا: سندھ حکومت
کراچی (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ حکومت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی تھی، درخواست جناح ہسپتال سمیت دیگر اداروںکا انتظام کو وفاق کو منتقل کرنے کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی۔ سندھ ہائیکورٹ 3 رکنی بنچ نے جے پی ایم سی، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور نیشنل میوزیم کا انتظام وفاق کے سپرد کرنے کا حکم دیا تھا، سماعت جسٹس مشیر عالم اور جسٹس خلجی عارف حسین نے کی۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ بیرسٹر ضمیر نے موقف اختیار کیا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وزارت صحت صوبائی معاملہ ہے، جناح ہسپتال وفاق کو منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ جسٹس خلجی عارف نے اپنی ریمارکس میں کہا کہ قیام پاکستان سے پہلے سے جناح ہسپتال وفاق سے منسلک رہا، ہسپتال کا کسی بھی تعلیمی ادارے سے منسلک ہونا معنی نہیں رکھتا، جسٹس مشیر نے کہا کہ ہائیکورٹ کے 3 رکنی بنچ کے فیصلے کیخلاف درخواست سپریم کورٹ کا 2 رکنی بنچ نہیں سن سکتا، درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے 3 رکنی بنچ کرے گا جس کے بعد سماعت ملتوی کر دی گئی۔