• news

ججز کی سکیورٹی حساس معاملہ، جائزہ لے رہے ہیں: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ججز سے سکیورٹی واپس لئے جانے کے خلاف دائر درخواست نمٹادی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ ججز کی سکیورٹی کا معاملہ حساس ہے جس کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل محمداظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سابق ججز سے سکیورٹی واپس لینے کا اقدام عدالتی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔ سابق ججز کے بعض فیصلوں کے باعث ان کی جان کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء کے بعد سیاسی، انتظامی عہدیداران کی سکیورٹی بڑھائی جا رہی ہے مگر سابق ججز سے سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے جو حکومتی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ججز کی سکیورٹی کا ہر پہلو سے انتظامی طور پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن