امریکہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت، اقوام متحدہ پر دبائو ڈالے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے امریکی حکومت کو مشور ہ دیا ہے کہ وہ عالم اسلام میں آمریت کے بجائے جمہوری قوتوں کا ساتھ دے اور اسلامی دنیا میں اپنے خلاف پائے جانیوالے اس تاثر کو ختم کرنے کی کوشش کرے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کیخلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں امریکی قونصلر جنرل کی تین سالہ مدت پوری کرنے کے بعد سبکدوش ہونے والے زیکری ہارکن رائیڈر سے منصورہ میں الوداعی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے قونصلر جنرل سے کہا کہ وہ امریکی حکومت کو کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے ظلم و جبر اور وحشیانہ تشدد اور کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کشمیریوں کو ان کا جائز حق ،حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت اور اقوام متحدہ پر دبائو ڈالے تاکہ خطے کی دو ایٹمی قوتوں کے درمیان ٹکرائو کے خطرے کو روکا اورعلاقائی امن کو یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تنازعہ کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں حسینہ واجد حکومت بھارت کے ایما پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں کا عدالتی قتل کرا رہی ہے۔ امریکہ اور عالمی برادری کو اس قتل عام کا نوٹس لینا چاہئے اور بنگلہ دیش پر زور دے کہ 1971ء کے واقعات کی بنا پر بنائے گئے مقدمات میں دی جانے والی سزائوں کو فوری ختم کرے۔