• news

ہائیکورٹ کے نئے بنچ نہ بنانے کا فیصلہ، پنجاب بار کا اجلاس آج طلب

لاہور + فیصل آباد + گوجرانوالہ (وقائع نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے فل کورٹ کی طرف سے نئے علاقائی بنچ نہ بنانے کے فیصلے کے بعد پنجاب بار کونسل نے آج اجلاس طلب کر لیا ہے۔ پنجاب بار کونسل کے اجلاس میں ہائی کورٹ کے مزید علاقائی بنچ تشکیل دینے کی تجویز مسترد ہونے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ پنجاب بار کونسل نے فیصلہ سے متاثر ڈویژنز کے وکلاء کے نمائندوں کو بھی مدعو کر لیا۔ ادھر فیصل آباد، ساہیوال اور بھلوال میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ گوجرانوالہ ڈویژن کی تمام ڈسٹرکٹ وتحصیل بار ایسوسی ایشنز کا اجلاس زیر صدارت وقار حسین بٹ ایڈووکیٹ ہوا۔ نظامت سیکرٹری بار سید عمران حیدر نقوی ایڈووکیٹ نے کی ۔ اجلاس میں ممبران پنجاب بار کونسل غلام عباس تارڑ، جلیل قیصر ناگرہ ، اورنگ زیب مرل، رفیق سیان ، ملک امیتاز نور، محمد سعید بھٹہ، فیاض وڑائچ، عمران اشرف ڈھلوں، نذیر سلفی، فاروق کھوکھر، مسعود احمد بھٹی ، نوازش بسرا، اعجاز پرویا، آصف چڈھر، چوہدری ناصر علی گھمن، اور سیکرٹریز عمران طالب، وقار حسین کھرل، عمار بشیر شیخ، عاقل ڈھڈی، عابد جاوید گیلانی، سرفراز گھمن سمیت وکلاء نمائیدگان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 23 جولائی تک مستقل ہڑتال ہو گی اور عدالتی امور کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ جبکہ اس کے بعد جمعرات، جمعہ کو مکمل ہڑتال ہوا کرے گی اور بقایا دنوں میں 10 بجے کے بعد مکمل ہڑتال ہو گی کوئی ٹرائل نہیں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن