• news

رواں برس پاکستان، افغانستان، مشرق وسطی، شمالی افریقہ کی شرح نمو 3.4فیصد رہیگی: آئی ایم ایف

دبئی( اے ایف پی) آئی ایم ایف نے 2016ء میں مشرق وسطی کی معاشی ترقی کی شرح میں اضافے کی پیش گوئی کر دی۔ پاکستان اور افغانستان کے ساتھ خطے میں رواں برس معاشی ترقی 3.4فیصد رہے گی اس سے قبل معاشی ترقی کی شرح کا اندازہ 3.1فیصد لگایا گیا تھا۔ اس کے ساتھ آئی ایم ایف نے2017ء میں خطے کی معاشی ترقی کی شرح میں کمی کی پیش گوئی بھی کی ہے۔ اپریل میں لگائے گئے اندازے کے مطابق 3.5فیصد کی شرح نمو کو کم کر کے 3.3فیصد کر دیا گیا ہے خطے میں خلیجی ریاستوں، عراق، ایران اور الجیریا جیسے تیل کے بڑے برآمد کنندگان موجود ہیں اسی طرح مصر، مراکش اور دیگر بڑے تیل درآمد کرنے والے ملک بھی شامل ہیں۔ آئی ایم ایف نے سعودی عرب کی شرح نمو رواں برس کیلئے1.2فیصد پر برقرار رکھی اور 2017ء کیلئے قدرے اضافے کے ساتھ 2.0فیصد پر کر دی ہے۔ آئی ایم ایف کی حالیہ ’’ ورلڈ اکنامک آئوٹ لک اپ ڈیٹ‘‘ کے مطابق سعودی عرب اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی معیشت تیل کی قیمتوں میں کمی سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن