• news

ڈی جی خان: حملہ آور بازو، ہونٹ اورناک کاٹ کر لے گئے، نوجوان تڑپ تڑپ کر جاں بحق

ڈیرہ غازی خان (آئی این پی) ڈیرہ غازی خان میں حملہ آور ایک شخص کے بازو، ہونٹ اور ناک کاٹ کر اعضاء اپنے ساتھ لے گئے، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔ یہ سفاک واقعہ گدائی پولیس سٹیشن کی حدود میں موضع صابرہ نچواں کے رہائشی ایک شخص اللہ دتہ کے ساتھ پیش آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اللہ دتہ شادی شدہ تھا اور اس کے پائیگاں گاؤں کی رہائشی شادی شدہ خاتون سے تعلقات تھے اور مذکورہ خاتون ایک بار اللہ دتہ کے ساتھ فرار ہوئی تھی جسے بعدازاں دونوں خاندانوں کی مداخلت کے بعد واپس اس کے شوہر کے گھر پہنچا دیا گیا تھا۔ گذشتہ روز اللہ دتہ پائیگاں گاؤں میں مذکورہ خاتون سے ملنے جارہا تھا جہاں 5 افراد نے اسے روک کر اس پر تشدد کیا اور اس کے بازو، ہونٹ اور ناک کاٹ کر متعدد اعضاء ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔ متاثرہ شخص کو تشویشناک حالت میں غازی میڈیکل کالج کے ٹراما سنیٹر منتقل کیا گیا لیکن خون زیادہ بہہ جانے سے وہ جانبر نہ ہوسکا۔ متعلقہ ایس ایچ او علی محمد نے بتایا کہ خاتون کے 2 رشتہ داروں اقبال، اللہ دیوایا اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن