رحیم یار خان: پولیس مقابلے میں اندھڑ ڈکیت گینگ کا سرغنہ اور 6 ساتھی ہلاک
رحیم یارخان، کوٹ سبزل (کرائم رپورٹر+ بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور راہزنی ودیگر سنگین جرائم میںملوث خطرناک اندھڑ گینگ انجام کو پہنچ گیا۔ پولیس مقابلہ میں سرغنہ خانوں سمیت 7 ڈاکو مارے گئے۔ مارے جانے والے ڈاکو رحیم یارخان پولیس کو درجنوں مقدمات میں مفرور اشتہاری مجرم تھے۔ تفصیل کے مطابق چند روز قبل اندھڑ گینگ نے مخبری کے شبہ میں اپنی ہی قوم کے ایوب اندھڑ کو اس کے ڈیرے سے بھانجے سمیت اغواء کرلیا تھا جس کی بازیابی کیلئے رحیم یارخان پولیس نے گزشتہ شب تھانہ کوٹ سبزل کے علاقہ چوک ماہی کے قریب چھاپہ مارا تو پولیس پارٹی پر ڈاکوئوں نے حملہ کردیا جس پر پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی اور کئی گھنٹے مقابلہ کے بعد خان محمد عرف خانوں اندھڑ اپنے ساتھیوں مٹھو، سلیم، نادر، لعل بخش عرف لالو، صغیر احمد اور ایک نامعلوم سمیت مارا گیا جبکہ دیگر 10 ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کی نعشوں کو تھانہ کوٹ سبزل اور بعد ازاں پوسٹ مارٹم کیلئے رحیم یارخان شیخ زید ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ واضح رہے کہ اندھڑ گینگ نے چوک ماہی کے قریب ایک قلعہ تیار کیا جو کہ کچہ کے ڈاکوئوں کی راہ گزر اور محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہوتا رہا جسے پولیس نے 2 دن کی شدید لڑائی کے بعد خالی کرایا تھا۔