• news

غیرت کے نام پرخواتین کا قتل عزت نہیں بے غیرتی ہے: برطانوی وزیراعظم

لندن ( صباح نیوز) برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پرخواتین کا قتل عزت نہیں بے غیرتی اور دہشتگردی ہے۔ خواتین کو مردوں کی ملکیت سمجھنے سے متعلق پالیسی جلدبنائی جائے گی۔ پاکستانی نزاد رکن پارلیمنٹ نصرت کیانی کا پارلیمنٹ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قندیل بلوچ کو اسکے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا جبکہ برطانیہ میں کچھ اس قسم کی صورتحال ہے کہ گزشتہ پانچ سال میں لندن اور دیگر علاقوں میں اس قسم کے 11 ہزار واقعات ہوئے ہیں۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے سوال کیا کہ وہ بتائیں خواتین کا قتل رکوانے کیلئے کیا اقدامات کئے جائینگے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے غیرت کے نام پرقتل اور خواتین کو مردوں کی ملکیت کے خلاف پالیسی بنانے کا اعلان کردیا۔ برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے تھریسامے کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پرخواتین کا قتل عزت نہیں بے غیرتی ہے۔ ملک میں موجود پاکستانی نژاد برادری سے مذاکرات کئے جائیں گے اور خواتین کا قتل رکوانے کیلئے جامع پالیسی بنائی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن