عمران کو تخت پر بٹھانے کوئی نہیں آئیگا: ہاشمی شیخ رشید کو ’’شیخو جنتری والا‘‘ قرار دیدیا
ملتان(آن لائن) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو شیخو جنتری والا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئے روز پیشگوئی کرتے ہیں کہ حکومت 100 دن میں ختم ہونے والی ہے، وزیراعظم کا استعفیٰ عمران خان کی مٹھی میں ہے جو کھل گئی تو وہ مستعفی ہو جائیں گے۔ بھارت سے سفارتی تعلقات ختم کر دینے چاہئیں اور اپنا سفیر فوری واپس بلا لینا چاہیے۔ صحافیوں سے گفتگو میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اسمبلی سے استعفیٰ دیں تو حکومت ختم ہو جائے گی۔ ملک میں بحران نہیں، عمران خان پیدا کر رہے ہیں، ان کا اپنی پارٹی پر کوئی کنٹرول نہیں۔ وہ چاہتے ہیں کوئی آ کر انہیں تخت پر بٹھائے، انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ انہیں کوئی تخت پر بٹھانے نہیں آئے گا۔