• news

چوہنگ‘ تجاوزات کیخلاف آپریشن میں شہریوں کا پولیس سے تصادم‘ راہگیر ہلاک‘ 7 زخمی

لاہور (نامہ نگار) چوہنگ کے علاقے میں ضلعی انتظامیہ کے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران شہریوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیرہلاک جبکہ ایس ایچ او چوہنگ، لیڈی کانسٹیبل، 3 کانسٹیبلز، ٹی ایم اے اہلکار سمیت7افراد زخمی ہو گئے۔ قبل ازیں پولیس نے مظاہرین کے پتھراؤ پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا۔جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر کے دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگرسنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق چوہنگ کے علاقہ پنڈ کوتھے دا میں ضلعی انتظامیہ کے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران شہریوں نے مشتعل ہوکر سرکاری اہلکاروں پر پتھرائو کرناشروع کردیا۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ۔ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا تو مظاہرین نے اندھا دھند فائرنگ کرنا شروع کردی۔ پولیس نے بھی جواباً شدید فائرنگ کی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیرفاروق ہلاک جبکہ ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر ناصر چٹھہ، لیڈی کانسٹیبل انعم عظمت، کانسٹیبل عمران، سلیم، شکیل، ضلعی انتظامیہ کا اہلکارظہور اورشہری اصغر زخمی ہو گئے ہیں۔ جنہیں ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ بعدازاں پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی اعلی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ دیگر مظاہرین کی گرفتاریوں کے لئے رات گئے چھاپے مارے جاتے رہے۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف انسداد دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او کی گردن پر گولی لگی ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن