• news

میٹرک کے نتائج کا اعلان‘ لاہور 71.48‘ گوجرانوالہ میں 75.70 فیصد امیدوار کامیاب

لاہو + گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے گزشتہ روز میٹرک امتحان 2016ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ لاہور میں کامیابی کا تناسب 71.48 جبکہ گوجرانوالہ میں 75.70 فیصد رہا۔ لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام ہونیوالے میٹرک امتحان کے نتائج کے مطابق سالانہ امتحان میں 214711 امیدوارن نے شرکت کی جن میں سے 153478 امیدواران کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 71.48% رہا نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں الحمرا ہال نمبر 2 میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات اور اساتذ ہ کو نقد انعامات اورمیڈلز کے ساتھ نوازا گیا تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان تھے رانا مشہود نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں میرٹ ہی حکومت پنجاب اور حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے جس کی بنیاد پر امیدواران مین لیپ ٹاپ اور وظائف دیے جارہے ہیں ۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پچھلے 8 سال سے علم دوستی کا ثبوت دیا ہے۔ مہمان خصوصی نے طلباء و طالبات میں انعامات اور وظائف تقسیم کیے۔لاہور بورڈ میں مجموعی طور پر ڈویژنل پبلک سکول اینڈ انٹرکالج ماڈل ٹائون، طالب علم رانا عمر فرمان کو 1087 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر کیش پرائز ، گولڈمیڈل اور لیپ ٹاپ سے نوازا گیا۔ دیگر پوزیشن لینے والے طلبا میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔ لاہور بورڈ کی طرف سے اُمیدواروں کو پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن کے لیے بالترتیب تعریفی اسناد کے ساتھ مبلغ 20,000 ، 15,000 اور 10,000 روپے کیشن پرائز کے ساتھ بالترتیب گولڈ ، سلور اور براس کے میڈلز بھی تقسیم کیے گئے جبکہ اُن کے اساتذہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ نے میٹرک (دہم) سالانہ امتحانات کے نتائج کاباقاعدہ اعلان کردیاہے ۔نتائج کے مطابق امتحان میں 197350 طلبہ وطالبات نے شرکت کی جن میں سے 149405 پاس ہوئے اس طرح مجموعی کامیابی کا تناسب 75.70 فیصد رہا۔ بورڈ آفس میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی عبدالرئوف مغل نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات مملکت خداد اد اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور درخشندہ ستارے ہونے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کامستقبل ہیں کیونکہ انہوں نے ہی آنے والے و قت میں ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنا ہے۔ چیئرمین بورڈ اسلم سیکھو نے کہا کہ بورڈ کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے اور سسٹم کو فول پروف بنا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میٹرک کے امتحان میں طلبہ نے شاندار کارکردگی سے بورڈ کی 32سالہ تاریخ میں متعدد نئے ریکارڈ رقم کردئیے ہیں‘ جن میں سب سے زیادہ نمبروں سمیت دیگر نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔ بورڈ ٹاپر محمد فیضان نے سب سے زیادہ 1079 نمبر حاصل کرنے کا ریکارڈقائم کیاہے۔ اس سے قبل بورڈ ٹاپر کے پچھلے سال 1078 نمبر تھے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کے بچوں اور بچیوں نے اپنی محنت کے ذریعے پوزیشنیں حاصل کرکے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور بعض طلبا و طالبات نے کم وسائل کے باوجود اپنے عزم، حوصلے اور محنت کے ساتھ یہ مقام حاصل کیا ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد دی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ حصول علم سمیت کسی بھی شعبہ میں کی جانے والی محنت رائیگاں نہیں جاتی۔ ذہین اور محنتی طالبعلم ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اورپاکستان کا مستقبل انہی ہیروں سے جڑا ہوا ہے۔ نمائندگان کے مطابق فیصل آباد میں کامیابی کا تناسب 72.98 سرگودھا میں 75.5، ساہیوال میں 73.8 اور بہاولپور میں 75.70 فیصد رہا۔

ای پیپر-دی نیشن