• news

تبدیلی محض نعروں سے نہیں آتی‘ منتخب نمائندے عوامی خدمت کو شعار بنائیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھا ہے جبکہ گزشتہ 3 برس کے دوران اربوں روپے سے فلاح عامہ کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل ہمارا طرہ امتیاز ہے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت نے منصوبوں میں 215 ارب روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں اربوں روپے کے قومی وسائل کی بچت کی مثال نہیں ملتی۔ تبدیلی محض نعروں سے نہیں آتی، اس کیلئے ملک و قوم کی بے لوث خدمت کرنا پڑتی ہے اور مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور حکومت صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت ، ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔ منتخب نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مہذب رویے اور اخلاقیات کی تمام حدوں کو پامال کررہا ہے۔ بھارتی افواج کے مظالم، خواتین کی بے حرمتی اورنوجوانوں کو اندھا بنانے پر بھی عالمی برادری خاموش ہے۔ سوئے ہوئے عالمی ضمیر کو جگانے کیلئے نہتے کشمیریوں کو اور کتنی قربانیاں دینا پڑیں گی؟۔ بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے۔ پاکستانی عوام نے یوم سیاہ منا کر کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا ہے۔ یوم سیاہ مناتے ہوئے بھارتی جارحیت اور قابض بھارتی افواج کے مظالم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے سرائیکی زبان کے معروف شاعرمحمدشفیع شاکرشجاع آبادی کیلئے 6لاکھ روپے مالی امداد کی منظوری دے دی ہے ۔معروف سرائیکی شاعر جگر کے امراض میں مبتلا ہیںاورانہوں نے اپنے اخراجات کیلئے مالی امداد اور علاج معالجے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے درخواست کی تھی، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شاعرشاکرشجاع آبادی کے علاج کیلئے بھی سپیشل میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا گیا اور پنجاب حکومت محمد شاکر شجاع آبادی کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن