کراچی: ایس ایس پی چودھری اسلم، ڈی آئی خان جیل پر حملوں میں ملوث 2 دہشت گرد ہلاک ‘تشدد کے واقعات میں دو افراد قتل
کراچی(کرائم رپورٹر) شاہ لطیف ٹائون میں سی ٹی ڈی پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شاہ لطیف ٹائون کے ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں دہشت گرد ڈھیر ہو گئے۔ ان کی شناخت بعدازاں القاعدہ برصغیر اور لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے اشرف جونو اور شوکت سردار عرف عثمان کے ناموں سے ہوئی جن کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے پندرہ لاکھ روپے انعام مقرر کررکھا تھا، سی ٹی ڈی پولیس کے ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ملزم اشرف جونو فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کے علاوہ شہید ایس ایس پی چودھری اسلم پر حملے میں بھی ملوث تھا اس کے علاوہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ڈیرہ اسمٰعیل خان کی جیل توڑنے والوں میں بھی شامل تھے جن سے خودکش جیکٹس، دستی بم اور کلاشنکوف برآمد ہوئی۔ دریں اثناء شاہ بیگ لین میں موٹرسائیکل سواروں نے ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول 25 سالہ سہیل بلوچ تین ماہ قبل سنگولین سے تغلق لین شفٹ ہوا تھا، عذیر بلوچ گروپ کے کمانڈر شہاب نے مخبری کے شبے میں اسے سنگولین چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔ ادھر ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں ایک شخص کو گلا گھونٹ کر ہلاک کردیاگیا۔ واقعہ شیرازی چوک کے قریب پیش آیا جس کے بعد مقتول 38 سالہ عبدالصبور ولد عبدالعزیز کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال پہنچایا گیا۔