سپریم کورٹ بار کے وفد کی ملاقات، وکلا جلد سماعت کیلئے درخواستیں دیں: چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی سے سپریم کورٹ بار کے صدر بیرسٹر علی ظفر کی قیادت میں جنرل سیکرٹری اسد منظور بٹ، ایڈیشنل سیکرٹری چودھری اسلم گھمن اور دیگر نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی قانونی وانتظامی امور، انصاف کی فوری فراہمی، زیرالتواء مقدمات کے خاتمے وغیرہ پر بات کی گئی، بار کے وفد نے سپریم کورٹ کے موجودہ جوڈیشل انتظامی سسٹم پر اطمینان کا اظہار کیا اور بار کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ بار کے تعاون کے بغیر لوگوں کو تیزی سے انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔ وکلا مقدمات کے ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کیلئے کم سے کم التواء لیں اور مقدمات کی جلد سماعت کے لئے درخواستیں دیں۔ گزشتہ دنوں عدالت نے 70 سے 75 جلد سماعت کی درخواستیں منظور کیں۔ وکلا ضابطہ اخلاق پر پوری طرح عملدرآمد کریں۔