کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، گوادر بندگا ہ کی ترقی راہداری منصوبہ کامیاب بنانے کا محور ہو گی: نیول چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کی۔کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم کا شکار ہونے والے شہید معصوم کشمیریوںکے لئے فاتحہ خوانی کی۔ نیول چیف نے کشمیری بھائیوں سے اظہارِیکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم اور پاکستا ن نیوی کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بعد ازاں کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ سکیوٹی صورت حال سے متعلق مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف آف دی نیول سٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں اور پاکستان چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے گوادر بندر گاہ کی سکیورٹی اورپاک بحریہ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے موجودہ میری ٹائم چیلنجز کے تناظر میں پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت اورمیری ٹائم انفراسٹرکچر کے دفاع کے پاکستان نیوی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر بندر گاہ کی ترقی پاکستان چین اقتصادی راہداری کی کامیابی کا محور ہوگی ۔ اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کے حصول کے لئے نیول چیف نے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور اداروں کے ساتھ مل کر باقاعدگی کے ساتھ ساحلی سکیورٹی کی مشقوں کے انعقاد پر زور دیا۔ نیول چیف کو بتایا گیا کہ مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال میں پاک بحریہ فلڈ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کو اوّلین ترجیح دے گی۔ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور امددادی کارروائیوں کے لئے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت مکمل تیار ہیں۔نیول چیف نے پاک بحریہ کے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ صورت حال کی مسلسل نگرانی کریں اورکسی بھی ہنگامی صورت حال میں تمام وسائل کا بہترین استعمال کریں۔