• news
  • image

پارلیمنٹ کی لابیوں میں عمران کی حکومت مخالف تحریک موضوع گفتگو بنی رہی

سینیٹ کے 250ویں سیشن کی تیسری نشست قدرے مختصر رہی، کوئی ہنگامہ ہوا اور نہ ہی شور شرابہ البتہ ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہلکی پھلکی گپ شپ رہی ،اپوزیشن نے حکومت کیلئے کوئی پریشان کن صورت حال پیدا نہیں کی تاہم اپوزیشن طنز کے تیر چلا کر حکومت سے اٹھکھیلیاں کرتی رہی ،بدھ کو چڑیا گھر کی حالت زار کا ذکر آیا تو سینیٹر نزہت صادق نے کہا کہ ہاتھی کی حالت بہتر ہے لیکن میں دیکھا ہے کہ چڑیا گھر میں لوگ شیر کو پتھر مار رہے تھے جس پر سینیٹر کامل علی آغا کی رگ ظرافت پھڑکی ’’ شیر کی جو حالت ہے اس پر اسے پتھر ہی پڑ نے ہیں ،بدھ کو بھی ایوان میں ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کی باز گشت سنی گئی ، خطے کی نئی ابھرتی ہوئی صورتحال اور علاقائی سطح پر امریکہ کے کردار کے حوالے سے پالیسی ، گائیڈلائنز تیار کرنے کیلئے سینٹکے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ارکان نے علاقائی صورتحال اور خاص طور پر پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے اپنا ابتدائی نقطہ نظر کمیٹی کے سامنے پیش کیا ۔ پارلیمنٹ کی لابیوں میں اپوزیشن کی سرگرمیاں موضوع بحث بنی رہیں ،گذشتہ روز تحریک انصاف کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں کوئی چونکا دینے والا فیصلہ نہیں ہوا، اس لئے بدھ کو تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں ارکان پارلیمنٹ طرح طرح کے تبصرے کرتے نظر آئے اگرچہ عمران خان نے 7 اگست سے ملک گیر تحریک چلانے ‘ 25 جولائی کو نیب دفتر کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ،دھرنا 2کی تاریخ نہیں دی،مسلم لیگی رہنما چوہدری تنویر خان نے نوائے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عجلت میں فیصلے کر رہے ہیں ،انہیں مسلم لیگ(ن) کی سٹریٹ پاور کا اندازہ نہیں، مسلم لیگی کارکن کسی سیاسی جماعت کو کھل کھیلنے نہیں دیں گے، مسلم لیگی کارکن ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے تیار ہیں، تحریک انصاف کی جانب سے امن وامان کا مسئلہ پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی ،تحریک انصاف سیاسی میدان میں تنہا رہ جائے گی ۔ رضا ربانی نے پنجاب کے ضلع صادق آباد میں پولیس کی جانب سے بہن بھائی پر شرمناک تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث پولیس اہلکاروں کو نشان عبرت بنانے کی ہدایت کر دی ہے ،انہوں نے اس واقعہ کی سوشل میڈیا میں آنے والی ویڈیو سے بھی ارکان سینیٹ کو آگاہ ہے اور قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق کو اس ضمن میں فوری طور پر پنجاب حکومت سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے، اپوزیشن لیڈر چودھری اعتزاز احسن نے چیئرمین سینیٹ کے موقف کی تائید کی،مجلس قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے رکن سینیٹر تنویر چوہدری نے اسلام آباد مقامی حکومتیں ترمیمی بل 2016اور نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی ترمیمی بل 2016 پر قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی رپورٹس پیش کیں جبکہ تین مجلس قائمہ کی رپورٹس جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کی توسیع دے دی گئی، نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا ، ملازمین نے بازئووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر سینیٹرز نے سیاہ پٹیاں باندھے بغیر ہی اجلاس میں شرکت کی ۔سینٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے مسائل کو حل کرنے سے متعلق اقدامات پر تحریک التواء کمیٹی آف دی ہول کے اجلاس میں زیر غور آئے گی۔ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدے کے حوالے سے تحریک التواء موخر کردی گئی ،چیئرمین سینٹ نے میڈیکل لیب ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن