درخت کٹائی کیس: بدقسمتی سے ذمہ دار ادارے غیر قانونی کام میں ملوث رہے: جسٹس جمالی
اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس میں مارگلہ ہلز کی حدود کے تعین سے متعلق رپورٹ اور نقشہ جات آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت اگست کے پہلے ہفتے تک کے لئے ملتوی کردی۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر درختوں کی کٹائی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران مارگلہ کی پہاڑیوں کی 2013ء سے 2016ء تک کی سیٹلائٹ تصاویر عدالت میں پیش کی گئیں۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ تین سال میں اتنے بڑے پیمانے پر پہاڑیوں کو تباہ کیا گیا۔ بدقسمتی سے ذمہ دار ادارے غیر قانونی کام میں ملوث رہے ہیں۔ پہاڑیوں پر درختوں کی کٹائی کے معاملے پر حکومت اور چیف کمشنر اسلام آباد کیا کررہے تھے۔ کون ہے جو ٹمبر مافیا کی سرپرستی کررہا ہے؟ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ مارگلہ ہلز کے چاروں اطراف کا نقشہ اور حدود کے تعین سے متعلق رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔ کیس کی سماعت اگست کے پہلے ہفتے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔