مارشل لاء پر مٹھائیاں بانٹنے کی باتیں کرنے والے مٹھائی کی دکان کھول لیں: محمود اچکزئی
اسلام آباد (آن لائن) چیئر مین پختونخوا ملی پارٹی محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے ثمرات سمیٹنے اور مارشل لاء پر مٹھائیاں بانٹنے کی بات کرنے والے سیاستدانوں کو سیاست چھوڑ کر مٹھائی کی دکان پر بیٹھ جانا چاہیئے۔ محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی۔ جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پانامہ لیکس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کے مارشل لاء لگنے پر مٹھائیوں کی تقسیم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ سیاست سے الگ ہو جائیں جو مارشل لاء لگنے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے کی باتیں کرتے ہیں۔ عمران خان کو مارشل لاء کی حمایت کرنی ہے تو پہلے خیبر پی کے میں اپنی صوبائی حکومت چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مارشل لاء کی حمایت کرنے والے تمام سیاست دان اور میڈیا اینکرز جمہوریت میں فائدے اٹھانا چھوڑ کر مٹھائیوں کی دکان کھول لیں۔