• news

مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کرائی جائے‘ فوج کشمیریوں کیخلاف ہتھیار استعمال کر رہی ہے: بھارتی رکن پارلیمنٹ

نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی رکن پارلیمنٹ اور کانگرس پارٹی کے لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا نے مقبوضہ وادی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے جموںو کشمیرمیں رائے شماری کرانے پر زوردیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جیوتی رادتیہ سندھیا نے لوک سبھا میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرمیں رائے شماری کرائی جانی چاہیے کیونکہ وادی کی صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت جسے عوام کی حمایت کرنی چاہیے انکے خلاف ہتھیار استعمال کررہی ہے ۔ انہوںنے حیرانی ظاہر کی کہ مقبوضہ کشمیرمیں ذرائع ابلاغ پر مکمل قدغن عائد ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جمہوریت کے چوتھے ستون کا گلا گھونٹا جارہا ہے ۔ مقبوضہ علاقے میں گزشتہ چودہ روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے ،لوگوں کو اشیائے خوردونوش اورادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔انہوںنے سوال کیا کیا وجہ ہے کہ بھارتی حکومت کا کوئی نمائندہ وادی کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وہاںنہیں گیا ؟

ای پیپر-دی نیشن