مجلس وحدت المسلمین نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آج ملک گیر دھرنوں کا اعلان کر دیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آج جمعہ کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دینے کا اعلان کردیا ہے۔گزشتہ روز لاہورپریس کلب کے سامنے کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آغاز حیدر علی موسوی نے کہا کہ جمعہ کو راولپنڈی فیض آباد،لاہور مال روڈ پنجاب اسمبلی،گوجرانوالہ جی روڈ چناب پل،فیصل آباد سرگودھا روڈ موٹروے،سرگودھا سیال موڑ موٹروے ،قصور ملتان روڈسمیت دیگر بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور علامتی دھرنے دئیے جائیں گے۔دھرنوں کا آغازدوپہر دوبجے کیا جائے گا جو رات آٹھ بجے تک جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن ہر شہر میں ہونا چاہیے۔حکمران ہمارے مطالبات کو تسلیم کرکے عملدرآمد شروع کر یں۔کہیں ایسا نہ ہو کہ بھوک ہڑتالی تحریک حکومت کے لئے مسئلہ بن جائے۔ 70دن بھوک ہڑتال کے باوجود حکمرانوں نے مطالبات تسلیم کرکے عملدرآمد شروع نہیں کیا ۔علاوہ ازیں مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مختار امامی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج شام 5 بجے کے بعد شہر قائد کی 4 اہم شاہراہوں پر پرامن احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔ اب کیمپ میں بیٹھنے کے بجائے فیصلہ شاہراہوں پر ہوگا۔ ملک بھر میں سو سے زائد مقامات پر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔