• news

سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کو دوسرٹیسٹ میں محتاط رہنے کا مشورہ دیدیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں محتاط رہیں اور پہلے ٹیسٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے حریف ٹیم کو سخت چیلنج دیں۔ سابق کپتان وسیم اکرم اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میچ کی کارکردگی کو دوسرے میں بھی دہرانا ہوگا۔ اولڈ ٹریفورڈمیں فاسٹ باؤلرز کو مدد ملتی ہے۔ محمد عامر کے ساتھ وہاب ریاض کو مدد ملے گی۔ سابق کپتان سلیم ملک نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم میچ میں واپسی کی اہلیت رکھتی ہے لہٰذا پاکستانی کھلاڑیوں کو اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں مزید محتاط اور یکجا ہو کر کھیلنا ہو گا۔ فاسٹ بائولر جیمزاینڈرسن کی ٹیم میں واپسی سے انگلینڈ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئیگی۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میچ کی طرح قومی ٹیم یک جان ہو کر مقابلہ کرے تو میزبان ٹیم کو ایک بار پھر شکست سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ قومی ٹیم ایک میچ کی برتری کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلے گی تو اس پر کوئی دباؤ نہیں ہو گا۔ انگلینڈ ٹیم ایک ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد بوکھلا گئی ہے اور اب ان کا تھنک ٹینک ایک دوسرے پر تنقید کر رہا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر منظور الٰہی نے کہاکہ پاکستان کو یہ بات ہرگزنہیں بھولناچاہیے کہ لارڈز ٹیسٹ میںانگلینڈکی زخمی ٹیم سیریزکو برابرکرنے کیلئے اپنی پوری کوششیںکرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن