• news

ایشین بیچ گیمز : قومی دستہ کو حتمی شکل دینے کیلئے پی او اے کلاس کا اجلاس 27 جولائی کو طلب

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشین بیچ گیمز میں قومی دستہ کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا اجلاس 27جولائی کو طلب کر لیا گیا۔ پی او اے کے سیکرٹری جنرل خالد محمود کے مطابق روا ںسال 24ستمبر سے 3اکتوبر تک ویتنام کے شہر دانانگ میں منعقد ہونیوالی ایشین بیچ گیمز میں 45ایشیائی ممالک 14کھیلوں کے 22ڈسپلن میں حصہ لینگے۔ انہوں نے بتایاکہ گیمز میں واٹر پولو، میراتھن سوئمنگ، روئنگ، باڈی بلڈنگ، وڈ بال ،باسکٹ بال ،شٹل کاک، جو جیٹسو، کراش، وونینام ، بیچ ہینڈ بال ،کبڈی ،فٹ بال ،ریسلنگ، والی بال ، اتھلیٹکس، سامبو سمیت دیگر کھیلیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کیلئے پی او اے نے پاکستان دستہ کو حتمی شکل دینے کیلئے اپنا اجلاس 27جولائی کو طلب کر لیا ہے اور پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن تمام فریقین سے مشاورت کے بعد گیمز میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی امید ہے کہ گیمز میں شرکت کرنیوالی فیڈریشنز اپنی ٹیموں کی بہترین تیاریوں میں مصروف ہیں اور گیمز میں بہتر نتائج حاصل کریں گی۔ 2014میں تھائی لینڈ میں ہونیوالی ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی دستہ نے گیمز کے 9ایونٹس میں حصہ لیا تھا اور سونے کے2، چاندی اور کانسی کے چار، چار میڈلز حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10میڈلز حاصل کرتے ہوئے گیمز میں 16واں نمبر حاصل کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن