42798 اساتذہ بھرتی کرنیکی منظوری‘ کشمیریوں نے انتشار کی سیاست کے بت توڑ دیئے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ کے تحت تعلیمی نظام میں بہتری اور اصلاحات کے پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران پرائمری سکولوں کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے مزید 42798 اساتذہ بھرتی کرنے کی منظوری دی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ پرائمری سکولوں کیلئے ان اساتذہ کو رواں مالی سال شفاف طریقے سے این ٹی ایس ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی کیا جائے گا اور نئے اساتذہ کی بھرتی سے سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور ہوسکے گی جبکہ 43 ہزار سے زائد اساتذہ کی بھرتی کا عمل اس کے علاوہ جاری ہے۔ اپریل 2017ء تک کم کارکردگی دکھانے والے 5 ہزار سکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں سرکاری سکولوں کی چھٹی سے دسویں جماعت تک کی طالبات کیلئے وظیفہ کی رقم ایک ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ 2018ء تک بچوں کے سکول داخلے کی شرح سوفیصد یقینی بنائی جائے۔ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت 2018ء تک 26 لاکھ بچوں اور بچیوں کے سکول داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن سکولوں میں طلباء کی تعداد زیادہ ہے ان میں ڈبل شفٹ شروع کی جائے گی۔ ’’ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن پروگرام‘‘ کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ بھی ہوا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور کشمیری عوام کی محبت کے باعث مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر الیکشن میں ریکارڈ مینڈیٹ ملا ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر ی عوام نے بے لوث خدمت، امانت، دیانت اور شفافیت کی سیاست پر مہر تصدیق ثبت کی ہے اور ووٹ کی طاقت سے انتشار، الزام تراشی، منفی اور کرپشن کی سیاست کے بت پاش پاش کر دیئے ہیں۔ اربوں روپے کے قرضے ہڑپ کرنے اور سوئس بنکوں میں رقم رکھنے والوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے، منفی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ترک کر دینا چاہئے۔ پاکستان پریس کلب برطانیہ کے وفد سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تین برس کے دوران ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو مقدم رکھا ہے- تعلیم، صحت، توانائی سمیت ہر شعبہ میں بہتری کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا جا رہا ہے- پنجاب حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے خود مختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا ہے۔ آزاد کشمیر کے الیکشن نے بھی ثابت کیا ہے کہ خدمت کی سیاست ہی حقیقی سیاست ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔