بھارت پاکستان اور حریت پسندوں سے مذاکرات بحال کرے، محبوبہ مفتی کی زیر صدارت اے پی سی
سرینگر (نیوز ڈیسک) کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی زیر صدارت بھارت نواز سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جمعہ کے روز سرینگر میں ہوئی جس میں شریک سیاسی رہنماؤں نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر تنازع پر پاکستان سے اور حریت پسندوں سے مذاکرات بحال کرے جبکہ کشمیری عوام پر پیلٹ گنوں جیسے مہلک ہتھیاروں کا استعمال بند کیا جائے۔ کانفرنس کے شرکاء نے 3 نکاتی قرارداد کے ذریعے سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نئی دہلی کشمیری عوام کے مسائل اور مشکلات حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور تمام سیاسی جماعتوں اور گروپوں سے مشاورت کرے کانفرنس کے شرکاء نے پولیس اور فوجی دستوں کی حالیہ ایام کے دوران اندھا دھند فائرنگ سے بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کی کھل کر مذمت کرنے کی بجائے افسوس کا اظہار کرنے پر اکتفا کیا کانگریس جموں و کشمیر کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ مودی سرکار کو 2 سال پہلے ہی کشمیر پر مذاکرات کا آغاز کرنا چاہئے تھا بی جے پی کشمیر کے چیف ست شرما نے کہا بھارتی فورسز اور پولیس کی فائرنگ سے بے گناہ کشمیریوں کے مرنے پر بہت افسوس ہے۔ مظاہرین کے ساتھ پرامن طریقے سے پیش آنا چاہئے کانفرنس میں پی ڈی ایف، سی پی آئی ایم، عوامی اتحاد پارٹی ا ور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔