وزیراعلیٰ سندھ‘ کور کمانڈر کراچی کی طویل ملاقات: رینجرز کے معاملہ پر بریک تھرو نہ ہو سکا
کراچی (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) کور کمانڈر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی تاہم رینجرز کے معاملے پر کوئی بریک تھرو نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے شکوہ کیا کہ لاڑکانہ واقعہ نہیں ہونا چاہئے تھا، رینجرز نے اختیارات سے تجاوز کیا، کور کمانڈر نے جواب دیا کہ ان چیزوں کا فیصلہ میڈیا پر نہیں ہونا چاہئے، رینجرز اختیارات میں توسیع کا فیصلہ جلد کیا جائے، قائم علی شاہ نے کہا کہ قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے بھی ملاقات کے دوران رینجرز کے معاملے پر اپنا موقف پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کور کمانڈر کراچی سے شکایت کی کہ اسد کھرل کے معاملے پر رینجرز نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ آئی این پی کے مطابق ملاقات میں کراچی آپریشن جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے آخری حصے میں صوبائی وزرا اور مشیر قانون بھی شریک ہوئے۔ مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے رینجرز کی اندرون سندھ کارروائیوں پر قانونی اعتراض اٹھایا۔ علاوہ ازیں مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اگر اسد کھرل اتنا ہی اہم ہے تو عدالت میں پیش کریں، رینجرز اختیارات کا معاملہ چند روز میں حل کر لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بلاول سے وزیراعلیٰ سندھ نے ملاقات کی۔ اور کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر معاملہ حل کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض اختیارات سے تجاوز پر وزیراعلیٰ سندھ صوبائی حکومت کے تحفظات سے وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کو بھی آگاہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کے قیام اور اختیارات کے معاملے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد قانون کے مطابق ایک دو روز میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ بعض ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران غلط فہمیاں دور کرنے پر اتفاق ہو گیا جبکہ بلاول نے وزیراعلیٰ سے بریفنگ حاصل کرنے کے بعد دبئی چلے گئے۔ رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع پر آصف زرداری اہم فیصلے کریں گے۔ بعدازاں خوشگوار موڈ میں کور کمانڈر کو وزیراعلیٰ اور وزراء نے وزیراعلیٰ ہائوس سے رخصت کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کور کمانڈر کو یقین دہانی کرا دی ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد اس معاملے کو جلد حل کیا جائے گا۔