سیاست میں کامیابی دھرنے نہیں کچھ کرنے سے ملتی ہے‘ 2 سیٹوں والوں کی تحریک بھی ایسی ہی ہو گی: نوازشریف
مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ سیاست میں کامیابی دھرنے سے نہیں کچھ کرنے سے ملتی ہے۔ ہمیں اس دن کا انتظار ہے جب کشمیر پاکستان بن جائے‘ وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان‘ کشمیر کی تحریک آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں نتیجہ آنے پر ہماری کامیابی صاف نظر آنا شروع ہوگئی تو میں نے کہا کہ آج ہی اپنے کشمیری بھائیوں سے ملنے پہنچ جائوں۔ میرا تو دل کرتا ہے کہ اپنی بہنوں بھائیوں کا شکریہ ادا کروں۔ اوپن ہارٹ سرجری کے بعد مظفر آباد میں پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر والو! آپ نے دل خوش کر دیا ایک تو آپ نے میرے لئے بہت دعائیں کیں، میں اس کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، بہت سارے لوگوں نے پاکستان کی منفی سیاست یہاں آکر متعارف کرانے کی کوشش کی لیکن سلام ہے آزاد کشمیر کے لوگوں کو جنہوں نے انہیں کہا کہ چلو اپنا راستہ ناپو۔ مقامی لیڈرشپ کا مشکور ہوں۔ راجہ فاروق، برجیس طاہر، آصف کرمانی، پرویز رشید کا مشکور ہوں جنہوں نے یہاں انتخابی مہم چلائی، نواز شریف نے مخالفوں کی کسی بات کا جواب نہیں دیا۔ مسلم لیگ ن نے وہ معرکہ مارا ہے جس کا مخالین سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ دھرنوں والے کیسی تحریک چلائینگے یہ انتخابات سے واضح ہو گیا انکو جتنی نشستیں ملیں ایسی ہی تحریک چلے گی۔ ہم ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ وہی ترقی، اسی تیزی کے ساتھ آزاد کشمیر میں بھی ہوگی ۔ آزاد کشمیر میں ترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے۔ آزاد کشمیر میں ترقی کا انقلاب آئے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے ان شہریوں کو بھی یاد رکھنا جو اپنی تحریک آزادی کیلئے اپنی جانوں کو قربان کر رہے ہیں۔ ان کی کامیابی کو کوئی روک نہیں سکتا، ہم سب کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں جب انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان، انشاء اللہ آزاد کشمیر میں موٹروے، سڑکیں، ہائی ویز کا جال بنے گا۔ موٹرویز کے بانی بھی ہم ہیں آزاد کشمیر میں بھی اس کی بنیاد ہم رکھیں گے۔ یہاں پر جگہ جگہ ہسپتال بنیں گے۔ مجھے معلوم ہے پہاڑوں پر کوئی بیمار ہوجائے تو نیچے لانے کیلئے میلوں تک لے جانا پڑتا ہے۔ یہاں چھوٹے بڑے ہسپتال بنائیں گے۔ مظفر آباد میں غریبوں کے مفت علاج کیلئے جو پروگرام شروع کیا اسے پورے آزاد کشمیر میں پھیلائیں گے۔ اس پر عملدرآمد خود یقینی بنائوں گا۔ میں تمام ایم ایل ایز کو یقین دلاتا ہوں کہ جو وعدے انہوں نے اپنے حلقوں میں کئے ان کو پورا کرائوں گا۔ یہاں پر نفرت اور منفی سیاست کا آغاز کیا گیا۔ اس کلچر کو پیدا نہیں ہونا چاہیے۔ میں کسی کو برا نہیں کہہ رہا، تنقید نہیں کر رہا، کسی کیخلاف گندی زبان استعمال نہیں کر رہا، نواز شریف کے نزدیک کشمیر اور پاکستان میں کوئی فرق نہیں۔ جتنا پاکستانی ہوں اتنا ہی کشمیری ہوں اور جتنا کشمیری ہوں اتنا ہی پاکستانی۔ آج بہت عرصے بعد مسلم لیگ ن کو اللہ نے دو تہائی اکثریت سے نوازا ہے۔ اللہ تیرا شکر ہے تو نے آزاد کشمیر کی بات سنی، سر سجدے میں جھکا دو، ہمیں معلوم ہے کہ ماضی میں آپ کا واسطہ کس طرح کی کرپشن اور نااہلی سے رہا۔ یہ انتخابی نتائج اسی کیخلاف عوامی رد عمل ہے، اب یہ دور لوٹ کر نہیں آئے گا۔ ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے گا۔ خود نگرانی کروں گا تاکہ یہاں کے نوجوانوں میں خود امید کے چراغ روشن کروں گا جو بڑے برج الٹے ہیں اب ان کے بارے میں کوئی کیا کہے۔ ہمارے نوجوان چودھری سعید نے بیرسٹر سلطان کو شکست دی۔ جو کہتے ہیں ہم دھرنا دیں گے، پاکستان کی سڑکوں، گلیوں پر تحریک چلائیں گے وہ تحریک کیسی چلے گی۔ الیکشن سے ظاہر ہے وہ اتنی ہی تحریک چلائیں گے جتنی انہیں آزاد کشمیر میں سیٹیں ملی ہیں، دو سیٹیں انہیں ملی ہیں‘ کیا دو سیٹوں والے تحریک چلائینگے‘ مسلم لیگ ن کے پاس 32 سیٹیں ہیں۔ آزاد کشمیر کے لوگوں نے باقی جماعتوںکو مسترد کر دیا۔ ہمارے دل آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ جہاں دل ملتے ہیں وہاں ترقی، خوشحالی اور خلوص ملتا ہے۔ آئندہ 3 سال ترقی اور خوشحالی کے لحاظ سے مثالی ہوں گے۔ آزاد کشمیر کے لوگوں نے دل خوش کر دیا ہے۔ نوجوانو! کمرکس لو، آزاد کشمیر میں ترقی کے دن آنے والے ہیں۔ آزاد کشمیر میں موٹر وے، ہائی ویز کا جال بچھا دینگے۔ ہسپتال، ڈسپنسریاں بنائیں گے، عوام نے بڑے بڑے برج الٹ دئیے۔ اب کشمیر کے عوام کو بدعنوانوں، لٹیروں کا دوبارہ سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اگلے 5سال آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے مثالی ہونگے۔