نیب: شریف فیملی کے خلاف درخواست مسترد، ایکسین شیخوپورہ سمیت 4 گرفتار
اسلام آباد+ لاہور (صباح نیوز+ سٹاف رپورٹر) نیب پنجاب نے پاناما لیکس پر شریف فیملی کے خلاف کارروائی سے متعلق عوامی تحریک کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے جتنے ثبوت فراہم کئے ان سے جرم ثابت نہیں ہوتا۔ عوامی تحریک کے مرکزی رہنما اشتیاق چودھری نے پاناما لیکس کے معاملہ پر وزیر اعظم اور ان کی فیملی کیخلاف کارروائی کے لیے نیب سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا کہ پاناما لیکس میں وزیر اعظم کے بیرون ملک غیر قانونی اثاثے ثابت ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے حقائق کاغذات نامزدگی میں بھی چھپائے جو آرٹیکل 62اور 63کی خلاف ورزی ہے۔ نیب نے کہا کہ عوامی تحریک نے جتنے ثبوت فراہم کیا بظاہر ان سے جرم ثابت نہیں ہوتا۔ نیب پنجاب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے اپنے فیصلے سے عوامی تحریک کو تحریری طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔ نیب نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے الزام میں 4افراد کو گرفتار کر لیا جن میں ایکسین لیسکو شیخوپورہ بھی شامل ہے۔ ایکسین لیسکو شیخوپورہ عزیز الرحمان نے اختیارات کا ناجا ئز استعمال کرتے ہوئے فلائنگ پیپر ملز کو بہت زیادہ بجلی کا بل بھجوا دیا۔ تحقیقات کے بعد نیپرا نے فلائنگ پیپر ملز کے حق میں فیصلہ دیدیا اس کے باوجود عزیز الرحمان ،احمد شہزاد ، محمد نعیم اور شفقت محمود بل کی ایڈجسمنٹ کے لئے رشوت مانگتے رہے جس پر ان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کو آج جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جا ئے گا۔