• news

ٹارگٹ کلنگ کیخلاف مجلس وحدت المسلمین کے لاہور سمیت مختلف شہروں میں 70 مقامات پر دھرنے

لاہور/ فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) شیعہ رہنمائوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اور اپنے دیگر مطالبات کے حق میں مجلس وحدت المسلمین نے گزشتہ روز لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا اور دھرنے دیئے۔ لاہور میں مال روڈ پر دھرنا دیا گیا جو رات گئے تک جاری رہا۔ دھرنے کے باعث ریگل چوک، گنگا رام ہسپتال، فاطمہ جناح روڈ، لارنس روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا، مجلس وحدت المسلمین نے چوک بہادر پور رحیم یار خان میں بھی احتجاج کیا۔ فیصل آباد اور اسلام آباد میں بھی دھرنے کے باعث شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ ملیر کراچی 15یو میں دھرنا دیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے پیدل مارچ کیا، ملیر سے قائد آباد تک ٹریفک جام ہو گئی۔ ترجمان کے مطابق ملک گیر دھرنوں کا آغاز ہو گیا ہے مجلس وحدت المسلمین نے گزشتہ افراد ملک کے 70سے زائد مقامات پر احتجاج کیا۔ نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ شاہدرہ پاکستان انچولی پر احتجاج کیا گیا، نمائش چورنگی دھرنے میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ختم نبوت چوک چنیوٹ میں بھی دھرنا دیا گیا۔فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جی ٹی ایس چوک میں دھرنا دیا گیا۔ شیعہ رہنمائوں کی ٹارگٹ کلنگ، امجد صابری کے قتل، عزاداری پر پابندی کے خلاف اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کے مطالبات منظور نہ ہونے پر دھرنے دیئے گئے۔ کامونکے اور پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگاروں کے مطابق وحدت المسلمین نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک جام ہو گئی۔ لاہور میں دھرنے کی قیادت علامہ احمد اقبال رضوی نے کی۔ این این آئی کے مطابق علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کے 70 روز گزرنے کے بعد بھی حکومت کی طرف سے مسلسل عدم توجہی پر ایم ڈبلیو ایم نے سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن