حکومت مخالف تحریکوں کا متحدہ اپوزیشن سے تعلق نہیں: خورشید شاہ
ٹنڈو محمد خان (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا حل نکالنا حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر تین وزیراعظم مستعفی ہو چکے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستانی میں بھی پانامہ لیکس کے معاملے کا حل نکالا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے معاملے پر آٹھ میٹنگز ہوئیں، کوئی نتیجہ نہیں نکلا، حالیہ میٹنگ میں نئی قانون سازی کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، حکومت مخالف تحریکوں کا متحدہ اپوزیشن سے کوئی تعلق نہیں۔ سندھ حکومت کا اختیار ہے جہاں بہتر سمجھے رینجرز کو اختیارات دے۔ آزاد کشمیر میں ہمیشہ حکمران جماعت ہی انتخابات میں کامیاب ہوتی ہے۔ پنجاب میں افراتفری ہے، عوام پریشان ہے، جمہوریت کو ملک میں رونشاس کرانے میں پیپلزپارٹی کا کردار ہے جبکہ نوازشریف تو آمریت کی گود میں پلے اور جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگایا۔ ملک میں جمہوریت کو پیپلزپارٹی نے روشناس کرایا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے مزدور طبقے کو اہمیت دی۔