کشمیر پر 29 جولائی کو اے پی سی میں واضح پیغام دیں گے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت اب زیادہ دیر فوج کے بل بوتے پر کشمیر کو قبضے میں نہیں رکھ سکتا۔ اسے بہت جلد کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ کشمیری قوم اپنا سب کچھ آزادی پر قربان کرنے کیلئے اُٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کو بھی اب کشمیر یا بھارت میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ 29 جولائی کی کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستانی قوم کی طرف سے کشمیری بھائیوں کو حمایت کا واضح پیغام دیں گے۔ نیب میں سیاسی بنیادوں پر ہونے والی تقرریاں‘ لٹیروں کے حوصلے بڑھاتی ہیں۔ کرپشن پر قابو پانے کیلئے الیکشن کمشن کے ساتھ ساتھ نیب اور احتساب کے دیگر اداروں کو غیر جانبدار بنانا ہوگا۔ نوشہرہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بہنے والا خون عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے میں ضرور کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے جرائم کو چھپانے کیلئے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیر میں داخلہ کی اجازت نہیں دے رہا۔ اس طرح وہ اپنے ریاستی مظالم کو دنیا سے چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے ہاں دیر ہے‘ اندھیر نہیں۔ معصوم کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پانامہ لیکس کے مسئلہ پر یکساں مو¿قف اختیار کریں۔ جو لوگ کرپشن میں ناک تک دھنسے ہوئے ہیں‘ وہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اپنی بے گناہی کا ڈھڈورا پیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں کے دور کا مکمل آڈٹ ہو جائے تو کھربوں روپے کی چوری اور کرپشن سامنے آئے گی۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی آل پارٹیز کانفرنس 29 جولائی کو اسلام آباد کے ہوٹل میں منعقد ہوگی جس میں وزیراعظم نوازشریف‘ عمران خان‘ راجہ ظفرالحق‘ مولانا فضل الرحمن‘ مولانا سمیع الحق‘ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماﺅں کو شرکت کا دعوت نامہ جاری کر دیا گیا۔ دریں اثنا سراج الحق نے اسلام آباد میں ترکی کے سفارتخانے میں ترک سفیر ہابر گرگینی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ترکی اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ دونوں ملکوں کی اسلامی تحریکوں میں مضبوط رشتے قائم ہیں اس لئے اردگان کی کامیابی پر پاکستان میں لوگوں نے جماعت اسلامی کو مبارکباد دی ۔ اردگان کی کامیابی پوری امت مسلمہ کی فتح ہے۔
سراج الحق