مقبوضہ کشمیر میں بدترین غذائی قلت، حافظ سعید کا ہرممکن امداد بھیجنے کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے شدید کرفیو کی وجہ سے بدترین غذائی قلت کا شکار کشمیریوں کی ہر ممکن امداد کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں تک راشن، ادویات اور دیگر اشیاءپہنچانے کیلئے ہر ممکن وسائل اور ذرائع استعمال کریں گے۔ جماعةالدعوة اس سلسلہ میں عملی شکل ترتیب دے چکی۔ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ دل کھول کر تعاون کرے۔ مودی سرکار نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں ہلاکو اور چنگیز خاں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہندوستان کو آزادی کشمیر کی صورت میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ جامع مسجد القادسیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میںظلم و ستم کی انتہا کر دی گئی ہے۔ دو ہفتوں سے پورے کشمیر میں کرفیو ہے۔ ہر طرف قتل و غارت گری کا ماحول ہے۔ لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاءاور بچوں کیلئے دودھ تک نہیں مل رہا۔ کشمیریوں کا کاروبار تباہ ہو چکا ہے۔ یہ سب کچھ سرکاری سرپرستی میں اس لئے کیا جارہا ہے کہ کشمیری مسلمان بے بس ہو جائیں اور تحریک آزادی چھوڑ کر بھارت کے سامنے سرنڈر کر کے کہیں کہ ہمیں کھانے کیلئے کچھ دو۔ ان حالات میں ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں تک کھانے پینے کی اشیاءپہنچائیں۔ اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد سے کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی پر امریکہ و یورپ سمیت حقوق انسانی کے نام نہاد علمبردار اداروں نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ پیلٹ گنوں جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہو رہی ہیں۔ زہریلی آنسو گیس کے استعمال سے لوگ سینے کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیںاور جلد کی بیماریاں پھیل رہی ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس بدترین دہشت گردی کے ارتکاب پر بھی اقوام متحدہ سمیت کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ پوری پاکستانی قوم کو چاہیے کہ وہ مصائب و مشکلات میں مبتلا کشمیری بھائیوں کی مدد کیلئے بھرپور کردار اد ا کرے۔