آزاد کشمیر میں فتح وزیراعظم پر عوام کے اعتماد کی عکاس ہے: مریم نواز
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی فتح وزیراعظم پر عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، کشمیر کی فتح اور اس عوامی اعتماد کو 2018ءکے عام انتخابات تک لے کر جائیں گے۔ مریم نواز نے آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی عدالت نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ سنا کر الزامات لگانے والوں کو مسترد کردیا۔ وزیراعظم نوازشریف کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کشمیری عوام نے وزیراعظم کے خلاف بھارتی دوستی اور بھارت میں کاروبار کا منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو مسترد کردیا، ہم کشمیری عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ ترقی کے اس سفر میں کشمیر شانہ بشانہ رہے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ کشمیری عوام نے وزیراعظم کی خارجہ پالیسی اور کشمیر پالیسی کو ووٹ دیا۔ ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوامی وزیراعظم وہیں واپس گئے جہاں سے تعلق تھا۔ وزیراعظم کی طبیعت جیسے ہی سنبھلی وہ عوام میں گئے۔ وزیراعظم ابھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں‘ سیاست میں کامیابی دھرنے نہیں کچھ کرنے سے آتی ہے۔ دیکھو‘ دیکھو کون آیا، شیر آزاد کشمیر میں آیا‘ ایسا پُرجوش اجتماع بہت کم دیکھا ہے جو بغیر پیشگی نوٹس کے امڈ آیا۔ نوازشریف جہاں سے گزر جائیں جلسہ ہو جاتا ہے۔
مریم نواز