پولیو کا خاتمہ، پاکستانی کوششیں متاثر کن ہیں: انٹرنیشنل مانیٹرنگ بورڈ
اسلام آباد/لندن (آئی این پی) عالمی سطح پر پولیو کے مرض کی روک تھام کے بارے میں نگرانی کرنے والے ادارے نے پولیو کے خاتمہ میں پاکستان کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو وائرس پھیلنے کے کم سیزن میں پاکستان کی کارکردگی، بروقت کام اور کوششیں متاثر کن ہے۔ جمعہ کولندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق انٹر نیشنل مانٹرنگ بورڈ کا اجلاس لندن میں ختم ہوگیا پولیو بارے انٹر نیشنل مانٹرنگ بورڈ نے 2016ء کے دوران پاکستان میں وائرس کا پھیلائو روکنے کے قومی لائحہ عمل اور حکمت عملیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی، شمالی سندھ اور زیادہ خطرات والی آبادیوں خاص طورپر پاک افغان سرحد پر پولیو مہم کے معیار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انٹر نیشنل مانٹرنگ بورڈ (آئی ایم بی) نے عالمی سطح پر پولیو خاتمہ کے ادارہ اور امداد دینے والے اداروں پر پولیو خاتمہ کے سلسلہ میں حکومت پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر زور دیا۔ قومی لائحہ عمل میں وضع کئے گئے تمام اقدامات کیلئے اضافی گرانٹ اور امداد بھی دی جانی چاہئیے۔ بورڈ نے اس ضمن میں ممکنہ امداد ی اداروں کو مشورہ دینے کو مناسب قرار دیا۔اجلاس میں وزیربرائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ، پولیو کے خاتمہ بارے وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے سیکرٹری محمد ایوب شیخ ، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر اور صوبائی سیکرٹریز برائے صحت کے ہمراہ پاکستان کی نمائندگی کی۔ وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پروگرام نے اٹھارہ ماہ میںبڑی مسافت طے کی ہے اور اس پروگرام کی مینجمنٹ کی کارکردگی احتسابی نظاموں اور ڈھانچہ کے ساتھ ساتھ عملہ کی کارکردگی کی مکمل جانچ پڑتال کیلئے بڑے پیمانے پر کام کیا گیا ہے۔