ٹریفک حادثات: ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق، 2 زخمی
ملتان/ جنڈیالہ شیر خان/ حافظ آباد/ پنڈی بھٹیاں (آئی این پی+ خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) مختلف شہروں مجیں ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں ٹریکٹر ٹرالی اور موٹرسائیکل کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ نواحی گائوں مظفر آباد کے قریب شیرشاہ روڈ پر پیش آیا۔ چاروں بچے موٹرسائیکل پر سوار تھے جن میں سے ایک بچہ موٹر سائیکل کو تیزرفتاری سے چلا رہا تھا کہ اپنے آگے جاتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرایا جس پر گندم کی بوریاں لدی ہوئی تھیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ وسیم‘ 12 سالہ مجاہد‘ 5 سالہ نور اور خلیل بچے شامل ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے مظفرآباد میں ٹریفک حادثہ میں 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ علاوہ ازیں جنڈیالہ شیرخان میں موٹر وے انٹر چینج کے قریب شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ پر موٹر سائیکل اور منی ٹرک کے تصادم میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔ موٹر سائیکل سوار شہر آرہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والے منی ٹرک نے ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر دم توڑ گئے۔ حافظ آبادسے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ امجد کا ہم زلف شیخ کاشف اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں لاہور جا رہا تھا کہ خانقاہ ڈوگراں روڈ پر انکی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا، شیخ کاشف اور انکا ڈرائیور سڑک کنارے گاڑی کا ٹائر تبدیل کر رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے دونوں کو کچل دیا جس سے وہ دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ دوسری طرف پنڈی بھٹیاں میں نجی کمپنی سگریٹ کے سیلز مین گوجرانوالہ سے حافظ آباد آتے ہوئے حادثہ کا شکار ہو گئے دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ سیلزمین موٹر سائیکلوں پر گوجرانوالہ ڈرامہ دیکھ کر واپس حافظ آبادآرہے تھے جب وہ کوٹ لدھا کے قریب پہنچے تو گدھا ریڑھی سے ٹکر ہو گئی جس سے موٹر سائیکل سے دو افراد گر پڑے جن کو اُن کے ساتھی اٹھانے لگے تو اسی اثناء میں پیچھے سے آنے والا ڈمپر اُن کے اوپر چڑھ گیا جس کے نتیجہ میں عتیق، سلمان ساکن حافظ آباد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ عمران زخمی، حفیظ کو شدید زخمی حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا۔ ڈمپرکا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔