چناب نگر: سیوریج کنویں کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 2 ملازم جاں بحق
چناب نگر (نامہ نگار) سیوریج ڈسپوزل کنویں کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے دو ملازم جاں بحق ہو گئے‘ دوکو بچا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لالیاں جھنگ روڈ پر سیوریج ڈسپوزل کنویںکی لائن کی صفائی کے لئے تحصیل میونسپل ایڈمسٹریشن کے ملازمین ارشد مسیح اور اشفاق مسیح ڈسپوزل کنویں میں اترے تو گندگی کے باعث پیدا ہونیوالی گیس سے بے ہوش ہوگئے اور دم گھٹنے کے باعث پانی میں گر گئے شاہ جہاں اور اصغربچانے کے لئے اترے تو وہ بھی بے ہوش ہوگئے۔ ریسکیو 1122کے عملہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ارشد اور اشفاق کو باہر نکالا تو ارشد دم توڑ چکا تھا جبکہ اشفاق ہسپتال میں جاکر جان کی بازی ہار گیا اصغر اور شاہ جہاں کو بے ہوشی کی حالت میں باہر نکال لیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی او شوکت علی خان کھچی موقع پر پہنچے اور ہسپتال میں موجود اصغر علی، شاہ جہاںکے مفت علاج کا حکم دیا۔ انہوں نے ٹی ایم اے کی سرزنش کرتے ہوئے اے ڈی سی ثناء اللہ کو واقعہ کے بارے چوبیس گھنٹے میں مکمل رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ ڈی سی او نے جاں بحق افراد کے گھر جاکر بھی تعزیت کی اور بیوگان کو تحصیل میونسپل ایڈمسٹریشن میں نوکری دینے کا حکم دیا۔