بلاول کی قیادت میں دھاندلی کیخلاف آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرینگے: پیپلزپارٹی آزاد کشمیر
مظفر آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے بدترین دھاندلی سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی اجلاس میں دھاندلی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے انتخابات ریاستی انتظامیہ، ریاستی اداروں، کشمیر کونسل اور وفاقی فنڈز کے ذریعے چوری کئے۔ میاں محمد نواز شریف کو مظفرآباد میں فتح کا جشن منانے کے بجائے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنی چاہیے تھی۔ لیکن وہ مودی کو ناراض نہیں کرسکتے۔ آصف کرمانی اور پرویز رشید دھاندلی کے اصل کاریگر ہیں۔ پولنگ سکیموں میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کرکے الیکشن چوری کئے گئے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر، سابق وزراء سید بازل نقوی، جاوید ایوب، حنیف اعوان اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری عبدالمجید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں گلگت بلتستان کی تاریخ دہرائی ہر حلقے میں تیس تیس کروڑ روپے خرچ کر کے عوامی رائے کو خریدا 24 جولائی کو پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس میں لائحہ عمل مرتب کرینگے۔ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر اور سابق وزیر صحت سردار قمرالزمان نے کہا کہ بدترین دھاندلی ہوئی۔ وسطی باغ میں مشتاق منہاس نے 50 کروڑ روپے تقسیم کئے۔ شرقی میں سردار امیر اکبر نے 10 کروڑ ر وپے تقسیم کئے۔