• news

میں نے قندیل کے بازو پکڑے کزن نے گلا دبایا، وسیم کا اقبالی بیان

لاہور + ملتان (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) ماڈل قندیل بلوچ کے بھائی وسیم نے کہا ہے کہ بڑے بھائی عارف نے سعودی عرب سے فون پر طعنہ دیا تو جذباتی ہو گیا اور اپنے کزن حق نواز کے ساتھ ملکر بہن قندیل کے قتل کا منصوبہ بنایا۔ لاہور کی فارنزک لیب میں پولی گرافک ٹیسٹ کے دوران اقبالی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے اس نے بتایا کہ بڑے بھائی کے طعنے پر وہ جذباتی ہو گیا۔ اپنے کزن کے ساتھ ملکر قندیل کے قتل کا منصوبہ بنایا۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے قندیل کو پہلے نیند کی گولیاں دیں اور پھر بازو پکڑے، ڈیرہ غازی خان سے آئے کزن نے قندیل کا گلہ دبایا۔ دوسری طرف ملزم کے اقبالی بیان اور پولی گرافک ٹیسٹ میں مطابقت پائی گئی۔ پولیس ملزم کو واپس ملتان لے گئی اور اسے اب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پولیس نے ملتان میں قندیل بلوچ کے گھر سے اسکے زیر استعمال برتن اور دیگر اشیاء قبضے میں لے لیں اور تجزئیے کیلئے لیبارٹری بھجوا دیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ملزم وسیم ڈی جی خان میں لڑکے سے زیادتی کیس میں بھی مطلوب نکلا اسے خلاف تھانہ شاہ صدر دین میں دیگر 2 افراد کے ساتھ مقدمہ دفعہ 377کے تحت درج ہے جس میں وہ پولیس کو مطلوب ہے۔ وسیم قتل سے پہلے اور بعد میں سعودی عرب میں مقیم اپنے بھائی عارف سے بھی رابطے میں تھا۔ موبائل ریکارڈ کے مطابق مفتی قوی نے قندیل بلوچ کے ساتھ اسکے قتل سے 23 روز قبل 22 جون کو آخری مرتبہ بات کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن