انیس قائم خانی کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر کو نوٹس، پٹیل کی جیل میں بی کلاس کیلئے استدعا
کراچی (آئی این پی) انسداد دہشت گردی عدالت نے انیس قائم خانی کے درخواست ضمانت کی سماعت27 جولائی تک ملتوی کردی ۔سپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور مدعی کے وکیل کو نوٹس جاری کر دئیے،عبدالقادر پٹیل کے وکیل نے جیل میں بی کلاس دینے اور طبی سہولیات فراہم کرنیکی درخواست دائر کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں انیس قائم خانی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ انیس قائم خانی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم سیاستدان ہے جیلیں کاٹی ہیں، یہ الزام سراسر جھوٹا ہے جس پر جج نے کہا کہ میں میرٹ پر درخواست مسترد کر دوں تو ہائی کورٹ میں اپیل کر سکتے ہیں۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم نے کبھی دہشت گردوں سے تعلقات نہیں رکھے۔ انہیں کسی مقدمے میں گرفتار نہیں کیا گیا۔ اب پولیس دیگر مقدمات میں گرفتار کررہی ہے۔ پندرہ سال پرانے مقدمات اب سامنے آرہے ہیں۔ عدالت نے انیس قائم خانی کی درخواست پر 27 جولائی کے لئے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور مدعی کے وکیل کو نوٹس جاری کردئیے۔ دوسری طرف عبدالقادر پٹیل کے وکیل قادر خان مندو خیل نے عدالت میں قادر پٹیل کو جیل میں بی کلاس اور طبی سہولت کے لئے درخواست دائر کر دی جس میں موقف اختیار کیا گیا قادرپٹیل سابق رکن قومی اسمبلی ہیں ،جیل میں بی کلاس ملنی چاہئے۔ قادر پٹیل ہائی بلڈ پریشر اور ریڑھ کی ہڈی کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔