امریکہ ،مغربی ملکوں کی غلط پالیسیاں مشرق وسطی میں کشیدگی کی اصل وجہ ہیں: روس
ماسکو (اے پی پی+رائٹرز) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے امریکہ اور مغربی ملکوں کی غلط پالیسیوں کو مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کی اصل وجہ قرار دیا ہے۔رشیا ٹوڈے کے مطابق ماسکو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق، شام اور لیبیا مستحکم ممالک تھے لیکن بیرونی مداخلت کے نتیجے میں ان ممالک کا امن و امان تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس کہ لیبیا جیسا ملک آج دہشت گردوں کی پناہ گاہ اور غیر قانونی تارکین وطن کی گزرگاہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا آج ہم یورپ میں فاشسٹ قوتوں کے زور پکڑنے کا بھی مشاہدہ کر رہے ہیں۔ سرگئی لاؤروف نے کھل کر کہا کہ یورپ میں تارکین وطن کے بحران کا کافی حد تک ان ملکوں کی غلط پالیسیوں سے براہ راست تعلق ہے۔ انہوں نے سیاہ فام شہریوں سے ساتھ امریکی پولیس کے متعصبانہ رویئے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تشدد کے خلاف سیاہ فاموں کا ردعمل امریکی حکمرانوں کے لیے کھلے پیغام کا حامل ہے۔روسی صدر پیوٹن نے اسرائیلی ہم منصب نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطے میں مشرق وسطیٰ میں دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ مختلف سطح پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ بتایا جاتا ہے اسرائیل کی طرف سے پہلے یہ اقدام کیا گیا۔