بھارت سے درآمدات میں اضافہ جاری‘ تجارتی خسارہ 40 فیصد تک بڑھ گیا
لاہور(احسن صدیق) مسئلہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کے باوجود پاکستان اور بھارت کی باہمی تجارت میں اضافہ جاری ہے وفاقی وزارت تجارت کے اعداد وشمار کے مطابق تجارت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بھارت کی پاکستان کو برآمدات 27 فیصد بڑھ گئیں۔ گزشتہ مالی سال 2015-16 کے دوران دونوں ملکوں کی تجارت کا حجم 2 ارب 20 کروڑ 89 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، جو مالی سال 2014-15 ء میں ایک ارب 83 کروڑ 8 لاکھ ڈالر کے تجارتی حجم کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے، تاہم تجارت میں اضافہ بنیادی طور پر صرف بھارت کی پاکستان کو برآمدات بڑھنے کی وجہ سے ہوا۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران بھارت سے درآمدات کا حجم 27 فیصد اضافے سے ایک ارب 80 کروڑ 89 لاکھ ڈالر ہوگیا، اسکے برعکس پاکستان کی بھارت کو برآمدات تقریبا 4 فیصد کمی سے 40 کروڑ 6 ہزار ڈالر رہیں۔ صرف درآمدات میں اضافے کی وجہ سے باہمی تجارت میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 40 فیصد تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال 2015-16ء کے دوران پاکستان کو بھارت کے ساتھ تجارت کے نتیجہ میں ایک ارب 40 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا جو مالی سال 2014-15ء میں پہنچنے والے ایک ارب 88 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں40کروڑ ڈالر زائد ہے۔